چین؛ روبوٹ کیلئے مصنوعی جلد تیار، انسانوں کی طرح درد محسوس کرسکے گا

چین میں سائنس دانوں نے روبوٹ کے لیے مصنوعی جلد (الیکٹرانک اسکن) تیار کی ہے جس سے روبوٹس نہ صرف لمس محسوس کرسکیں گےبلکہ درد مسوس کرنے کے بھی قابل ہوں گے۔غیرملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ ہانگ کانگ کی سٹی یونیورسٹی کے انجینئر یو یو گاؤ کی قیادت میں سائنس دانوں نے مصنوعی جلد تیار کی ہے جو ‘نیورومورفک’ ٹیکنالوجی سے تیار کی گئی ہے اور بالکل انسانی اعصابی نظام کی طرح کام کرتی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اگر روبوٹ کسی نوکیلی یا گرم چیز کو چھوئے تو وہ انسان کی طرح فوری طور پر ردعمل دے گا اور فوراً اپنا ہاتھ جھٹک دے گا۔چین کے سائنس دانوں کی تیار کردہ مصنوعی جلد چار فعال تہوں پر مشتمل ہے اور سائنسدانوں کے مطابق جب کوئی اس جلد کو چھوتا ہے تو یہ لمس کو برقی سگنلز میں تبدیل کر دیتی ہے، یہ سگنلز بالکل اسی طرح ہوتے ہیں جیسے ہمارے اعصاب دماغ کو پیغامات بھیجتے ہیں۔سائنس دانوں نے بتایا کہ اگر دباؤ ہلکا ہو تو روبوٹ اسے معمولی لمس کے طور پر سمجھے گا اور اپنا کام جاری رکھے گا لیکن جیسے ہی دباؤ ایک خاص حد سے تجاوز کرے گا، پھر روبوٹ اسے درد کے طور پر محسوس کرے گا اور اسی وقت انسانوں کی طرح ردعمل دے گا۔رپورٹ کے مطابق اس ٹیکنالوجی کی سب سے منفرد خصوصیت اس کا ریفلیکس سسٹم ہے، عام طور پر روبوٹ کی ہر حرکت اس کے مرکزی پروسیسر سے ہو کر گزرتی ہے، جس میں وقت لگتا ہے لیکن اس مصنوعی جلد میں براہ راست جگہ موجود ہے۔



