واشنگٹن:امریکا نے کہا ہے کہ وہ کسی سیاسی جماعت یا امیدوار کے ساتھ نہیں بلکہ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کے ساتھ شراکت داری کا خواہاں ہے۔گزشتہ روز واشنگٹن میں سہ پہر کی نیوز بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے موجودہ سیاسی بحران کے پاکستان کے جوہری اثاثوں کی حفاظت پر اثرات کے حوالے سے کوئی خدشات ظاہر کرنے سے بھی انکار کردیا۔ویدانت پٹیل سے سوال کیا گیا کہ کیا امریکا کو پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کی حفاظت کے بارے میں کوئی تشویش ہے، جواب میں انہوں نے کہا کہ میں اس پر قیاس آرائی نہیں کروں گا، یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔وائٹ ہاؤس، کانگریس، اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اور تھنک ٹینکس سمیت واشنگٹن میں ہونے والی مختلف بریفنگز میں پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال اکثر زیر بحث آتی ہے۔