بین الاقوامی
لندن، بھارتی ہندو مظاہرین اور خالصتانی سکھ آمنے سامنے، خالصتان کے پرچم لہرا دیے گئے

لندن:لندن میں واقع بنگلہ دیشی سفارتخانے کے سامنے اس وقت شدید کشیدگی پیدا ہو گئی جب بھارتی ہندو مظاہرین اور خالصتان کے حامی سکھ آمنے سامنے آ گئے۔صورتحال اس قدر بگڑی کہ دونوں گروپوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں، جس پر برطانوی پولیس کو فوری مداخلت کرنا پڑی۔تفصیلات کے مطابق بھارتی ہندو مظاہرین بنگلہ دیش میں ایک ہندو شہری کے قتل کے خلاف احتجاج کے لیے سفارتخانے کے سامنے جمع ہوئے تھے۔تاہم مظاہرہ اس وقت ناکام ہو گیا جب خالصتانی سکھ بنگلہ دیش کی حمایت میں خالصتان کے پرچم لہراتے ہوئے موقع پر پہنچ گئے۔عینی شاہدین کے مطابق خالصتانی سکھوں اور بھارتی ہندو مظاہرین کے درمیان شدید نعرے بازی اور ہاتھا پائی ہوئی جس کے بعد برطانوی پولیس نے دونوں گروپوں کو الگ کر کے صورتحال کو قابو میں لیا۔



