دسویں منزل سے گرنے والا شخص معجزانہ طور پر بچ گیا

بھارتی شہر سورت میں پیش آنے والے ایک حیران کن واقعے نے ہر دیکھنے والے کو چونکا دیا، جہاں ایک 57 سالہ شخص نیند کے دوران دسویں منزل سے گرنے کے باوجود موت کے منہ میں جانے سے بال بال بچ گیا۔یہ حادثہ کسی معجزے سے کم نہیں تھا، کیونکہ گرنے والے شخص کی ٹانگ دو منزل نیچے ایک فلیٹ کی کھڑکی پر نصب لوہے کی جالی میں پھنس گئی اور وہ وہیں الٹے لٹک کر رک گیا۔اطلاعات کے مطابق نیتن نامی شخص اپنی رہائش گاہ میں دسویں فلور پر کھڑکی کے قریب سو رہا تھا۔ دورانِ نیند کروٹ بدلنے پر وہ توازن برقرار نہ رکھ سکا اور اچانک کھڑکی سے باہر جاگرا۔ یہ لمحہ جان لیوا ثابت ہو سکتا تھا، تاہم قسمت نے اس وقت ساتھ دیا جب اس کی ٹانگ آٹھویں منزل پر واقع فلیٹ کی جالی میں اٹک گئی اور وہ نیچے گرنے سے بچ گیا۔واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نیتن الٹے لٹکے ہوئے ہیں اور ان کی ٹانگ جالی میں بری طرح پھنسی ہوئی ہے۔ منظر اتنا خوفناک تھا کہ دیکھنے والوں کی سانسیں تھم گئیں۔



