میلان ایئرپورٹ پر بے قابو گاڑی طیارے سے جا ٹکرائی، ویڈیو وائرل

اٹلی کے شہر میلان کے لیناتے ایئرپورٹ پر ایک عجیب و غریب حادثے میں فیاٹ پانڈا گاڑی بے قابو ہوکر نجی طیارے سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں طیارے کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا جبکہ ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بھی عارضی طور پر متاثر ہوا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ پیر کی صبح تقریباً 11 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا۔ گراؤنڈ سروس میں استعمال ہونے والی فیاٹ پانڈا گاڑی اچانک بے قابو ہوئی اور ایئرپورٹ پر موجود ہاکر بیچ کرافٹ 400 اے نجی طیارے کے اگلے حصے سے جا ٹکرائی۔تصادم کے نتیجے میں نجی طیارے کے ریڈار ڈوم اور ناک کے حصے کو نقصان پہنچا۔ حادثے کے فوراً بعد ایئرپورٹ کے امدادی اور سیکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور گاڑی سمیت طیارے کا تفصیلی معائنہ شروع کردیا۔حکام کے مطابق خوش قسمتی سے حادثے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ تاہم طیارے کو پہنچنے والے نقصان کے باعث ایئرپورٹ کی سرگرمیوں پر کچھ دیر کے لیے اثر پڑا۔



