کھیل

ایشیز ٹیسٹ دو دن میں ختم: آئی سی سی نے پرتھ کی پچ کو ’اعلیٰ ترین ‘ قرار دے دیا

پرتھ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا پہلا ایشیز ٹیسٹ تاریخ کے تیز ترین مکمل ہونے والے میچز میں شامل ہو گیا، جو صرف دو دن میں اختتام پذیر ہوا۔اس میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ میچ انتہائی تیزی سے ختم ہونے کے باوجود انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پرتھ کی پچ کو ’بہت بہترین‘ کا درجہ دیا ہے، جو کہ آئی سی سی کے چار درجوں میں سب سے اعلیٰ ہے۔آئی سی سی کے مطابق ’بہت بہترین‘ پچ وہ ہوتی ہے جس میں اچھا باؤنس، مناسب کیری، محدود سیم موومنٹ اور بیٹرز اور بولرز کے درمیان متوازن مقابلہ دیکھنے کو ملے۔یاد رہے کہ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ہی 19 وکٹیں گر گئی تھیں، جس نے شائقین کو حیران کردیا تھا۔انگلینڈ کی پوری ٹیم 172 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ آسٹریلیا کے لیفٹ آرم فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے کیریئر کی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 58 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن بھی مشکلات کا شکار رہی اور دن کے اختتام تک 9 وکٹوں پر 121 رنز بنا سکی۔دوسرے دن انگلینڈ کی ٹیم دوبارہ مشکلات سے دوچار ہوئی اور صرف 164 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابلِ یقین 123 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو صرف دو دن میں فتح دلا دی۔ آسٹریلیا نے میچ آٹھ وکٹوں سے جیت لیا۔مجموعی طور پر دوسرے دن 13 وکٹیں گریں جبکہ 380 رنز اسکور بورڈ پر آئے۔یہ تاریخی ٹیسٹ میچ صرف 847 گیندوں میں مکمل ہوا، جو گزشتہ 137 سالوں میں ہونے والا سب سے کم گیندوں میں مکمل ہونے والا ایشیز ٹیسٹ ہے، جب چار بال فی اوورز رائج تھے۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button