یادگار فلم شعلے 12 دسمبر کو نیا سرپرائز لائے گی، اصل سچ 50 سال بعد بے نقاب

بالی ووڈ کی کلاسک فلم شعلے آئندہ ماہ 2 دسمبر کو بھارت بھر کے سینما گھروں میں نئے اختتام کے ساتھ دوبارہ نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔1975 میں ریلیز ہونے والی یہ بالی ووڈ فلم اپنی شاندار کہانی، یادگار ڈائیلاگز اور مضبوط کرداروں کی وجہ سے آج بھی شائقین کے دلوں میں زندہ ہے۔اس فلم میں دھرمیندر، امیتابھ بچن، امجد خان، سنجیو کمار، ہیما مالنی اور جیا بچن نے اہم کردار ادا کیے تھے۔ اب فلم کے مداح اصل اختتام دیکھ سکیں گے جو پہلے کبھی عوام کے سامنے نہیں آیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کے اصل کلائمیکس کو پہلے سینسر بورڈ کی ہدایات کے تحت بدلنا پڑا تھا۔ 1975 میں بھارت میں ایمرجنسی نافذ تھی، جس میں آزادی اظہار پر پابندی، سیاسی مخالفین کی گرفتاریاں اور میڈیا پر سخت سینسرشپ شامل تھی۔اس دور میں اصل اختتام میں ٹھاکر، گبر سنگھ کو کانٹے والے جوتے سے ہلاک کرتا ہے لیکن سینسر بورڈ کے دباؤ کی وجہ سے ریلیز شدہ ورژن میں پولیس گبر کو گرفتار کر لیتی ہے اور ٹھاکر قانون کو ہاتھ میں نہیں لیتے۔رمیش سپی نے بتایا کہ اب فلم کے 50 سال مکمل ہونے پر مداح وہ اختتام دیکھ سکیں گے جو ان کے مطابق فلم کو مزید تاریخی بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرق صرف یہ ہے کہ اصل کلائمیکس میں ٹھاکر اپنے طریقے سے انصاف کرتے ہیں، جبکہ پچھلے ورژن میں قانون کی بالادستی دکھائی گئی تھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ری ریلیز تقریباً 1500 اسکرینوں پر ہوگی، جو کسی ریسٹورڈ کلاسک فلم کے لیے بھارت میں سب سے بڑی نمائش میں سے ایک ہے۔ شعلے کے مداح 12 دسمبر کو اپنے پسندیدہ کرداروں اور اصل اختتام کے ساتھ اس تاریخی فلم کا دوبارہ لطف اٹھائیں گے۔



