رونالڈو کی معطلی کے باوجود پرتگال نے بڑی کامیابی حاصل کر لی

معروف فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کی معطلی کے باوجود پرتگال نے بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے پرتگال نے شاندار انداز میں کوالیفائی کرلیا اور یوں کرسٹیانو رونالڈو ایک بار پھر عالمی کپ میں شرکت کے لیے تیار ہیں۔پرتگال نے پورٹو میں کھیلے گئے میچ میں آرمینیا کو 1-9 کے بڑے مارجن سے شکست دی۔ رونالڈو معطلی کے باعث میچ میں شریک نہیں تھے، تاہم ٹیم نے ان کی غیر موجودگی میں بھی فیصلہ کن کامیابی حاصل کی۔اکتالیس سالہ رونالڈو اگلے سال امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ممکنہ طور پر اپنے چھٹے اور کیریئر کے آخری ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے حال ہی میں کہا تھا کہ یہ عالمی ٹائٹل جیتنے کا ان کا آخری موقع ہوگا۔رونالڈو اگر فٹ رہتے ہیں تو کوچ روبیرو مارٹینیز انہیں اسکواڈ میں شامل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، البتہ آئرلینڈ کے خلاف 0-2 کی شکست میں ریڈ کارڈ کے باعث رونالڈو پر مزید دو میچوں کی پابندی بھی لگ سکتی ہے۔پرتگال کو گروپ ایف میں سرفہرست رہنے کے لیے آرمینیا کے خلاف لازمی کامیابی درکار تھی، اور برؤنو فرنینڈس اور ژاؤ نیویس کی ہیٹ ٹرکس نے اس ہدف کو مزید آسان بنا دیا۔ادھر ہنگری کو گروپ کی سرفہرست پوزیشن حاصل کرنے کا موقع ملا تھا، مگر بڈاپسٹ میں آئرلینڈ نے شاندار واپسی کرتے ہوئے انہیں 2-3 سے شکست دے دی۔آئرلینڈ کے ٹرائے پیروٹ نے ہیٹ ٹرک کی، جن میں 80ویں منٹ میں برابر کرنے کا گول اور اضافی وقت کے چھٹے منٹ میں فیصلہ کن گول شامل تھے۔ اس کامیابی کے ساتھ آئرلینڈ گروپ میں دوسری پوزیشن پر آ کر پلے آف مرحلے میں پہنچ گیا۔



