بنگلادیش میں پاکستانی سفیر کا قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں ظہرانہ

بنگلادیش میں متعین پاکستان کے سفیر عمران حیدر کا کہنا ہے قومی ہاکی ٹیم نے بنگلہ دیش کی ہاکی ٹیم کے خلاف شاندار کارکردگی اور کامیابی حاصل کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ڈھاکا میں موجود پاکستانی سفارت خانے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر قومی ٹیم مینیجر اولمپیئن محمد عثمان شیخ، کوچ اولمپیئن ذیشان اشرف، قومی ٹیم کے کپتان عماد بٹ سمیت دیگر آفیشلز و کھلاڑی بھی موجود تھے۔پاکستانی سفیر عمران حیدر نے قومی ٹیم کو ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم نے ون یونٹ کی مانند بنگلادیش کے خلاف کھیل پیش کیا۔پاکستان ہاکی ٹیم آفیشلز و کھلاڑیوں نے عمران حیدر کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے سووینئر بھی پیش کیا۔بعد ازاں پاکستانی سفارت خانہ میں کھلاڑیوں کے اعزاز میں پر تکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔



