کھیل

کرسٹیانو رونالڈو نے ریٹائرمنٹ سے متعلق چہ مگوئیوں کی وضاحت کردی

کرسٹیانو رونالڈو نے جلد ریٹائرمنٹ سے متعلق دیے گئے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اگلے ایک یا دو سال تک کھیلتے رہیں گے۔پرتگال سے تعلق رکھنے والے کرسٹیانو رونالڈو نے ویڈیو بیان میں جلد ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کہا کہ میرے لیے جلد کا مطلب 10 سال ہے، نہیں بلکہ میں مذاق کر رہا ہوں اور میں اس وقت کھیل سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ فٹ بال میں جب آپ عمر کی ایک حد تک پہنچ جاتے ہیں تو پھر آپ کو لگتا ہے مہینے جلد گزر رہے ہیں۔رونالڈو نے کہا کہ اس وقت میں بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں، میں گولز بھی کر رہا ہوں اور فٹ محسوس کر رہا ہوں اور قومی ٹیم کے ساتھ بھی اپنے کھیل سے محظوظ ہو رہا ہوں لیکن انتہائی دیانت داری کے ساتھ جلد کا میرا مطلب ایک یا دو سال ہے۔کرسٹیانو رونالڈو نے 2002 میں اسپورٹنگ سے فٹ بال کا آغاز کیا اور اب تک اپنے ملک اور کلب کی سطح پر 950 سے زائد گول کر چکے ہیں اور حال ہی ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ جلد ہی ریٹائر ہوں گے تاکہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ زیادہ وقت گزار پاؤں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ رونالڈو کا سعودی عرب کے فٹ بال کلب النصر کے ساتھ جون 2027 تک معاہدہ ہے اور فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کے لیے اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ کو ہدف بنایا ہوا ہے اور وہ اب تک اپنے کیریئر میں ورلڈ کپ کا ٹائٹل حاصل نہیں کر پائے جبکہ دیگر تمام بڑے ٹائٹلز جیت چکے ہیں۔رونالڈو نے 2016 میں پرتگال کے لیے یورو کپ جیتا تھا اور 5 مرتبہ بیلن ڈی اور ٹائٹل حاصل کرچکے ہیں تاہم ورلڈ کپ جیتنے کا ان کا خواب پورا نہیں ہوا ہے۔پرتگال کو ورلڈ کپ تک کوالیفائی کے لیے رواں ہفتے آئرلینڈ کو شکست دینے کی ضرورت ہے اور یہ میچ رواں ہفتے کھیلا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button