ممتاز گلوکار اے نئیر کی وفات کو 9 برس بیت گئے

کراچی:پاکستانی فلمی موسیقی کے سنہری دور کے معروف گلوکار اے نیئر کو ان کے چاہنے والوں سے جدا ہوئے آج 9 برس مکمل ہو گئے ہیں۔اے نئیر نے اپنے کیریئر میں چار ہزار سے زائد فلمی گیت گائے اور اپنی سریلی آواز کے جادو سے لاکھوں دلوں کو مسحور کیا۔ انہیں بہترین گلوکاری پر صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سمیت پانچ بار نگار ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔اصل نام آرتھر نیئر رکھنے والے اے نئیر 17 ستمبر 1950 کو ساہیوال کے قریبی گاؤں رانسن آباد میں پیدا ہوئے اور 1974 میں فلم بہشت سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔ان کے گائے ہوئے گیت شاہد، ندیم، وحید مراد اور دیگر فلم اسٹارز پر فلمائے گئے جو آج بھی سننے والوں کے دلوں کو چھو جاتے ہیں۔ خاص طور پر گانا دلدارا نے عوام میں بے پناہ مقبولیت حاصل کی اور موسیقی کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔اے نیئر کو ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں حکومت نے پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا۔ تاہم 11 نومبر 2016 کو لاہور میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث یہ عظیم گلوکار ہم سے رخصت ہو گئے۔



