کھلاڑیوں کو پاکستانی پلیئرز سے مصافحہ یا ہائی فائیو سے نہیں روکیں گے، ہاکی انڈیا

ہاکی انڈیا نے واضح کیا ہے کہ وہ آئندہ انٹرنیشنل یا کثیرالملکی مقابلوں میں اپنی سینئر یا جونیئر مرد و خواتین ٹیموں کو پاکستان کے کھلاڑیوں سے مصافحہ یا ہائی فائیو کرنے سے نہیں روکے گا۔یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب گزشتہ ماہ ملائیشیا میں ہونے والے سلطان جوہر کپ کے دوران بھارتی جونیئر کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی پلیئرز کے ساتھ ہائی فائیو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس کے بعد بھارت میں مختلف حلقوں نے اس عمل پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیامعاملہ اس لیے بھی زیر بحث آیا کہ حال ہی میں ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران بھارتی کرکٹ ٹیم نے پہلگام واقعے کو جواز بنا کر پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا۔آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں بھارتی خواتین ٹیم نے بھی میچ کے بعد پاکستانی ٹیم سے روایتی مصافحہ نہیں کیا تھا۔ہاکی انڈیا کے سیکریٹری بھولا ناتھ سنگھ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہم ہمیشہ اولمپک چارٹر اور ایف آئی ایچ کے اصولوں پر کام کرتے ہیں، اسی لیے کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ہم کرکٹ کی پیروی نہیں کرتے، جو کچھ کرکٹرز نے کیا وہ ان کا ذاتی فیصلہ تھا، ہم اولمپک چارٹر اور ایف آئی ایچ کے اصولوں کی پیروی کرتے ہیں۔



