بجلی کے کھمبے دیوہیکل جانور میں تبدیل

آسٹریا نے بجلی کے روایتی کھمبوں کو فن، فطرت اور انجینئرنگ کے حسین امتزاج میں ڈھالنے کا انوکھا منصوبہ شروع کیا ہے، جہاں اب اونچے بجلی کے کھمبے دیو قامت پرندوں اور جانوروں کی شکل میں نظر آئیں گے۔آسٹریا نے انفرااسٹرکچر کے شعبے میں تخلیقی انقلاب برپا کرتے ہوئے ’’دی آسٹرین پاور جائنٹس‘‘ کے نام سے نیا منصوبہ متعارف کرایا ہے، جس کے تحت بجلی کے کھمبے دیوہیکل جانوروں کے مجسموں کی شکل میں تیار کیے جارہے ہیں۔ یہ فن اور ٹیکنالوجی کا ایک دلکش امتزاج ہے، جس کا مقصد بجلی کی ترسیل کے نظام کو فطرت سے ہم آہنگ بنانا ہے۔رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر دو مجسماتی کھمبے تیار کیے گئے ہیں، ایک پرندہ ’’اسٹارک‘‘ کے روپ میں اور دوسرا بارہ سنگھا ہرن ’’سٹیگ‘‘ کی شکل میں۔ ’’اسٹارک‘‘ برجن لینڈ کے علاقے میں ہر سال آنے والے مہاجر پرندوں کی علامت ہے، جبکہ ’’سٹیگ‘‘ زیریں آسٹریا کے سرسبز پہاڑی جنگلات کی نمائندگی کرتا ہے۔یہ منصوبہ آسٹریا پاور گرڈ (APG) اور میسل آرکیٹیکٹس نامی ڈیزائن فرم کے اشتراک سے تیار کیا جارہا ہے۔ دونوں مجسماتی کھمبے فی الحال آزمائشی مراحل سے گزر رہے ہیں تاکہ ان کی ساختی مضبوطی اور برقی تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔



