کولمبین صدر کی اقوام متحدہ میں ٹرمپ پر کڑی تنقید، امریکی وفد اجلاس چھوڑ کر چلاگیا

کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس قدر تنقید کا نشانہ بنایا کہ ان کی تقریر کے ابتدائی 5 منٹوں میں ہی امریکی وفد نے احتجاج کرتے ہوئے اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس میں اپنی تقریر کے دوران کولمبین صدر نے امریکا کے منشیات اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بین الاقوامی پانیوں میں فوجی آپریشن کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہجرت کو بہانہ بنا کر سفید فام اور نسل پرست معاشرے کو نسلی برتر ریاست کے طور پر پیش کیا جاتا ہے حالانکہ یہ انسانیت کو تباہی کے دہانے پر لے جا رہا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کولمبیا، وینزویلا اور کیریبین ریاستوں کے حوالے سے پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پیٹرو گستاوو کا کہنا تھا ٹرمپ کی ان ریاستوں کے حوالے سے پالیسی ڈرگ مافیا کے گرد گھومتی ہے، بطور سینیٹر پیرا ملٹری سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں اور ڈرگ مافیا کے خلاف آواز اٹھائی تو مجھے کئی بار قتل کرنے کی کوشش کی گئی اور اب بھی یہ لوگ چاہتے ہیں کہ میں خاموش ہو جاؤں۔



