
دمشق: بشار الاسد دورے کے خاتمے کے بعد شام کی نئی حکومت نے اپنی کرنسی سے 2 صفر ہٹا کر نئے نوٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔خبر رساں ایجنسی ’ رائٹرز ‘ کے مطابق شام میں صدر بشار الاسد کی معزولی کے ساتھ ختم ہوئے14 سالہ تنازع کے بعدشامی پاؤنڈ کی قوت خرید میں ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی ہے تاہم اب شام کی نئی حکومت نےعوام میں پاؤنڈ کا اعتماد بحال کرنے کیلئے کرنسی سے 2 صفر ہٹا کر نئے نوٹ جاری کرنے کی تصدیق کی ہے۔رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد شامی پاؤنڈ کو ایک بار پھر عوام میں مقبول بنانا ہے۔شام کے مرکزی بینک کے گورنر عبدالقادر حسریہ نے سعودیہ کے سرکاری نشریاتی ادارے العربیہ کو دیے گئے بیان میں 2 صفر ہٹاکر نئے نوٹ جاری کرنے کی تصدیق کی ۔گورنر عبدالقادر نے نئی کرنسی نوٹ کو وقت کی ضرورت قرار دیا اور کہا کہ ہم نے سرکاری، نجی اور مرکزی بینکوں کے ماہرین کے ساتھ کرنسی میں تبدیلیوں کی ضروریات کا تعین کرنے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی ہیں تاہم نئی کرنسی متعارف کرانے کے لیے ایک ٹائم فریم تاحال زیر جائزہ ہے۔واضح رہے کہ 2011 میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے شامی پاؤنڈ اپنی 99 فیصد سے بھی زائد قدر کھوچکا ہے، اس وقت شام کی شرح تبادلہ امریکی ڈالر کے مقابلے تقریباً 10 ہزار پاؤنڈ ہے جو کہ جنگ سے پہلے 50 تھی۔کرنسی کی قدروقیمت میں تیزی سے کمی نے روزمرہ لین دین اور رقم منتقلی کے عمل کو مشکل بنا دیا ہے۔