امریکی اجلاس میں اٹلی کی وزیراعظم کی آنکھیں گھمانے اور منہ بنانے کی ویڈیو وائرل

امریکا میں یوکرین پر ہونے والا یورپی ممالک کے سربراہان کے ایک نہایت سنجیدہ اجلاس میں اطالوی وزیراعظم کے چہرے کی حرکات نے سب کو ہنسنے پر مجبور کردیا۔واشنگٹن میں یوکرین پر ہونے والے اہم اجلاس کا ماحول اُس وقت ہلکے پھلکے مذاق کا موقع بن گیا جب اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی نے جرمن رہنما کی تقریر پر آنکھیں گھمائیں۔اس اہم اجلاس کی کوریج کے لیے دنیا بھر سے مشاق صحافی اور کیمرہ مین موجود تھے اور وہ بھلا اس دلچسپ لمحے سے کیسے چوک جاتے۔ یہ مناظر فلم بند ہوگئے۔چند گھنٹوں میں ہی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر جنگل میں آگ جیسی تیزی سے وائرل ہوگئی اور جس نے دیکھا محظوظ ہوئے بغیر نہ رہ سکا۔اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر اور دیگر یورپی رہنما بھی موجود تھے، مگر سب کی توجہ میلونی کے تاثرات نے چرا لی۔اطالوی وزیراعظم کی آنکھیں گھمانا، ڈرامائی مسکراہٹ، منہ بنانا اور ہلکی پھلکی گفتگو نے ایک نہایت سنجیدہ اجلاس کو لمحوں میں سوشل میڈیا پر انٹرٹینمنٹ میں بدل دیا۔