ٹرمپ کا نوبیل انعام کیلئے ناروے کے وزیر خزانہ سے خفیہ ٹیلیفونک رابطے کا انکشاف

ناروے کے بزنس اخبار ڈاگنس نیرنگس لیو کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ ناروے کے وزیر خزانہ جینز اسٹولٹن برگ کو اچانک فون کیا اور گفتگو کے دوران نہ صرف تجارتی محصولات پر بات کی بلکہ نوبیل امن انعام حاصل کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔رپورٹ کے مطابق فون کال کے وقت اسٹولٹن برگ اوسلو کی ایک سڑک پر چل رہے تھے کہ ٹرمپ کا فون آیا۔ کال میں امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ اور تجارتی نمائندہ جیمیسن گریر بھی شامل تھے۔ٹرمپ کو پاکستان، کمبوڈیا اور اسرائیل سمیت کئی ممالک کی جانب سے امن معاہدوں یا جنگ بندی کرانے پر نوبیل انعام کیلئے نامزد کیا جا چکا ہے۔ ٹرمپ پہلے بھی کئی بار کہہ چکے ہیں کہ وہ اس اعزاز کے مستحق ہیں، جو اس سے قبل وائٹ ہاؤس کے چار صدور حاصل کر چکے ہیں۔اسٹولٹن برگ نے کہا کہ فون کا بنیادی مقصد محصولات اور اقتصادی تعاون پر بات کرنا تھا، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات دینے سے گریز کیا۔ وائٹ ہاؤس اور ناروے کی نوبیل کمیٹی نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔یہ پہلا موقع نہیں جب ٹرمپ نے اسٹولٹن برگ سے گفتگو میں نوبیل انعام کا ذکر کیا ہو۔ اسٹولٹن برگ ماضی میں نیٹو کے سیکریٹری جنرل رہ چکے ہیں۔ وائٹ ہاؤس نے 31 جولائی کو ناروے سے درآمدات پر 15 فیصد محصولات عائد کرنے کا اعلان کیا تھا اور دونوں ممالک اب بھی اس معاملے پر مذاکرات کر رہے ہیں۔