مرڈوک اور وال اسٹریٹ جرنل مقدمہ نمٹانے کے خواہشمند ہیں، ٹرمپ کا انکشاف

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وال اسٹریٹ جرنل اور اس کے ارب پتی مالک روپرٹ مرڈوک ان کے خلاف دائر ہتکِ عزت کے مقدمے کو طے کرنے کے لیے رابطے میں ہیں۔ٹرمپ نے 18 جولائی کو وال اسٹریٹ جرنل اور اس کے مالکان کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔ مقدمے کی بنیاد ایک متنازع رپورٹ ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ٹرمپ نے بدنام زمانہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کو سالگرہ کی مبارکباد دی، جس میں ایک جنسی نوعیت کی تصویر اور کچھ خفیہ اشارات بھی شامل تھے۔ٹرمپ نے ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’وال اسٹریٹ جرنل نے میرے ساتھ بہت برا سلوک کیا۔ میں سمجھتا ہوں کہ مرڈوک اسے کنٹرول کرتے ہیں، شاید کرتے ہوں، شاید نہ کرتے ہوں۔‘‘انہوں نے مزید کہا، ’’وہ ہمارے ساتھ کچھ معاملہ طے کرنے کی بات کر رہے ہیں۔ شاید وہ چاہتے ہیں کہ ہم مقدمہ واپس لے لیں، لیکن دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔‘‘ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جب ان کے ساتھ ناانصافی ہوتی ہے تو وہ خاموش نہیں بیٹھتے۔ ان کا مؤقف ہے کہ ایپسٹین کو دی گئی سالگرہ کی مبارکباد جعلی ہے اور یہ خبر ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی نیت سے شائع کی گئی۔پیر کو عدالت میں دائر ایک درخواست میں ٹرمپ نے مطالبہ کیا ہے کہ روپرٹ مرڈوک کا فوری بیان ریکارڈ کیا جائے۔ دوسری جانب، وال اسٹریٹ جرنل نے اس معاملے پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔