’’مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈوں کو دوبارہ نشانہ بناسکتے ہیں‘‘ ؛ ایران کی امریکا کو دھمکی

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکا کو واضح پیغام دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں کو دوبارہ نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔خامنہ ای کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ قطر میں العدید ایئر بیس پر ہونے والا حملہ کوئی معمولی واقعہ نہیں بلکہ ایک بڑی کامیابی تھی، اور ایسا دوبارہ بھی ہو سکتا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایران خطے میں امریکی اڈوں تک باآسانی پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور اگر واشنگٹن نے اپنی پالیسیوں پر نظرثانی نہ کی تو مزید کارروائیاں بھی کی جا سکتی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے تصدیق کی تھی کہ 23 جون کو ایران کی جانب سے فائر کیا گیا بیلسٹک میزائل قطر میں امریکی العدید ایئر بیس پر مواصلاتی نظام کے اہم حصے پر گرا تھا، جس کی سیٹلائٹ تصاویر بھی سامنے آ چکی ہیں۔ ان تصاویر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ حملے سے بیس کے کمیونیکیشن ڈوم کو شدید نقصان پہنچا۔ایران کے اس حملے کے فوراً بعد امریکا کے چیئرمین آف جوائنٹ چیفس جنرل ڈین کین نے کہا تھا کہ امریکا کو اس حملے کی پیشگی اطلاع تھی جس کے باعث اڈے پر موجود اہلکاروں کی جزوی منتقلی ممکن ہوئی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای کی یہ تازہ دھمکی خطے میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافے کا اشارہ دے رہی ہے، اور اگر صورتحال مزید بگڑی تو مشرق وسطیٰ میں طاقت کے توازن پر دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔