روینہ ٹنڈن جہاز میں شردھا کپور کی خفیہ ویڈیو بنانے پر پھٹ پڑیں

بالی وڈ کی سینئر اداکارہ روینہ ٹنڈن دوران پرواز اداکارہ شردھا کپور اور ان کے بوائے فرینڈ کی بغیر اجازت بنائی گئی ویڈیو پر برس پڑیں۔گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر مذکورہ ویڈیو وائرل ہوئی جسے فلائٹ اسٹاف کی جانب سے بنایا گیا، اس میں دیکھا گیا کہ شردھا اور مصنف راہول مودی طیارے میں اکٹھے سفر کررہے تھے، دونوں ایک ساتھ بیٹھے تھے کہ اس دوران ایک کریو ممبر نے خفیہ طور پر ان کی ویڈیو ریکارڈ کی۔ ویڈیو کلپ میں شردھا کپور اور راہول آپس میں بات کررہے ہیں، اس دوران شردھا اپنا فون راہول کو دکھاتی ہیں، کریو ممبر پہلے مسکرائی اور پھر فون کا کیمرہ ان دونوں کی جانب کردیا، ویڈیو کے اختتام پر کیمرہ شردھا پر زوم کیا گیا۔انڈیا فورمز کی جانب سے انسٹاگرام پیج پر شیئر کی گئی اس ویڈیو پر اداکارہ روینہ ٹنڈن نے لکھا عملے کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ یہ پرائیویسی کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی ریکارڈنگ کے لیے رضا مندی لینا ضروری ہے، عملے کے ارکان سے یہ توقع نہیں کی جاسکتی کہ وہ ایسا کریں۔اس کے علاوہ سوشل میڈیا صارفین نے بھی کریو کی اس حرکت پر سخت تنقید کی۔