دھماکوں سے قبل حزب اللہ نے پیجرز کو ایران جانچ کیلیے بھی بھیجا تھا؛ اسرائیلی وزیراعظم

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے گزشتہ برس حزب اللہ کے زیر استعمال پیجرز میں ہونے والے دھماکوں سے متعلق ایک بڑا انکشاف کردیا۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بتایا کہ حزب اللہ نے اپنے رہنماؤں اور کارکنان کے زیر استعمال 3 پیجرز کو جانچ کے لیے ایران بھی بھیجا تھا۔اسرائیلی وزیراعظم نے مزید بتایا کہ جیسے ہی علم ہوا کہ پیجرز سے ایران بھیجے گئے ہیں تو ہم نے ان پیجرز کی جانچ رپورٹ آنے سے قبل ہی حملوں کا فیصلہ کیا۔نیتن یاہو نے مزید کہا کہ اس لیے حزب اللہ کے رہنماؤں اور کارکنان کے زیر استعمال ان پیجرز میں دھماکوں کا منصوبہ قبل از وقت پورا کرنا پڑا تھا۔اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے پیجرز کو دھماکے سے اڑا کر حزب اللہ کو ایک خوفناک صدمہ پہنچایا۔نیتن یاہو نے یہ بھی کہا کہ ہم ان تین پیجرز میں بھی دھماکا کیا جو ایران بھیجے گئے تھے جس میں کافی نقصان ہوا۔اسرائیلی وزیراعظم نے یہ دعویٰ بھی کیا ہم نے چند گھنٹوں کے اندر وہ ہتھیار اور میزائل تباہ کر دیئے جو حزب اللہ 30 سال سے تیار کر رہی تھی۔یاد رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں شام اور لبنان میں حزب اللہ کے رہنماؤں کے زیر استعمال مواصلاتی ڈیوائس پیجرز میں دھماکے ہوئے تھے۔ان دھماکوں میں دو درجن کے قریب افراد جاں بحق اور ڈھائی ہزار سے زائد زخمی ہوگئے تھے جو حزب اللہ کے سرکردہ کارکنان تھے۔بعد ازاں ان جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ میں حزب اللہ کے سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کے واکی ٹاکی میں بھی دھماکے ہوئے تھے۔