برازیلیا: برازيل ميں تیز رفتار مسافر بس پُل کی حفاظتی گرل توڑتے ہوئے نیچے پٹری پر گر گئی جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برازيل کی جنوب مشرقی رياست ميناس گيراس کے گاؤں جوآؤ مون ليوادے ميں مسافر بس میں لگ بھگ 50 افراد سوار تھے، گاؤں کو شہر سے ملانے والے ایک پُل پر مسافر بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور حفاظتی گرل کو توڑتی ہوئی نیچے گر گئی۔
مسافر بس پل کے نیچے ریلوے ٹریک پر گری، امدادی کارکنوں نے 45 سے زائد مسافروں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جہاں 16 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی جب کہ 27 افراد زخمی ہیں۔
واضح رہے کہ برازیل میں سڑکوں کی بری حالت اور ٹرانسپورٹیشن کا محفوظ نظام نہ ہونے کے باعث 2015 اور 2019 کے درميان ہر سال اوسطاً 30 ہزار افراد ٹريفک حادثات ميں ہلاک ہوئے تھے۔