لیجنڈ مائیکل شوماکر کا بیٹا ریس کے میدان میں اترنے کیلئے تیار

283

برلن: جرمنی کے لیجنڈ کار ریسر مائیکل شوماکر کا بیٹا ریس کے میدان میں اترنے کیلئے تیار ہے۔ امریکی کمپنی ”ہاس” نے جرمن ڈرائیور مائیک شوماکر کیساتھ معاہدہ کر لیا ہے۔

مائیک شوماکر نے امریکی کمپنی کیساتھ غیر معینہ مدت کیلئے معاہدہ کیا ہے۔ آئندہ سیزن میں روس کے نیکیتا میزپن ان کے پارٹنر ہونگے۔ جرمن کار ریسر نے اس بارے میں میڈٰیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایسا خواب ہے جو میں 3 سال کی عمر سے دیکھ رہا تھا۔ اس کے پورے ہونے پر میں بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔

خیال رہے کہ مائیک شوماکر کے والد مائیکل شوماکر کا شمار دنیائے ریسنگ کے لیجنڈ ڈرائیوروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے 7 مرتبہ فارمولا ون ریسنگ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ تاہم سالوں پہلے ہونے والے ایک حادثے نے ان کو معذور کر دیا ہے۔ وہ کافی عرصہ کوما میں رہے، تاہم اب انھیں ہسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی اہلیہ ان کی دیکھ بھال کر رہی ہیں۔

مائیکل شوماکر دسمبر 2013ء میں فرانس میں سکیئنگ کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گئے تھے، اس حادثے سے ان کے سر پر شدید چوٹ آئی جس سے وہ کوما میں چلے گئے۔ ان کا تقریباً 6 ماہ تک فرانس میں علاج چلتا رہا، اس کے بعد انھیں سوئٹزرلینڈ کے ہسپتال میں علاج کے لئے لے جایا گیا تھا۔