جرمنی: پاکستانی نژاد جرمن ماہرِ جینیات آصفہ اختر کو جرمنی کی مشہور میکس پلانک یونیورسٹی کے شعبہ حیاتیات اور طب کی نائب صدر منتخب کیا گیا ہے۔ اس طرح سوسائٹی کی تاریخ میں اس مقام تک پہنچنے والی وہ پہلی خاتون قرار پائی ہیں۔
کراچی میں پیدا ہونے والی آصفہ اختر کے متعلق ہفت روزہ سائنسی جرنل ’نیچر‘ نے لکھا ہے کہ ڈاکٹرآصفہ اپنی غیرمعمولی تحقیق سے جرمن سائنس کمیونٹی میں ممتاز مقام رکھتی ہیں۔ کروموسوم اور ایپی جنیٹکس ان کا خاص شعبہ ہے۔ نائب صدر کے اعزاز کے بعد وہ سوسائٹی کے زیرِ تحت 27 اداروں اور 7 تحقیقی تجربہ گاہوں کا انتظام بھی سنبھالیں گی۔
سوسائٹی کے شعبہ طب و حیاتیات کے تحت تمام ادارے زندہ اجسام ، نشوونما، احساسات اور دیگر امور پراعلیٰ معیاری تحقیق کررہے ہیں۔ نیچر انڈیکس کے تحت سوسائٹی کے اکثر ادارے جرمنی کے سب سے معیاری سائنسی ادارے بھی ہیں۔ نیچر نے کہا ہے کہ آصفہ اخترکا انتخاب نئی نسل کے سائنسدانوں کے لیے تحریک فراہم کرے گا۔