ابو ظہبی: سوڈان کے سابق وزیراعظم صادق المہدی متحدہ عرب امارات میں تین ہفتے کورونا سے جنگ کے بعد زندگی کی بازی ہار گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سوڈان کے آخری جمہوری وزیر اعظم صادق المہدی 84 سال کی عمر میں کورونا سے جاں بحق ہوگئے۔
گزشتہ ماہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سابق وزیراعظم کو سوڈان کے اسپتال میں داخل کیا گیا تاہم طبیعت نہ سنبھل سکی جس پر سابق وزیراعظم کو متحدہ عرب امارات منتقل کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ سوڈان کی فوج نے 1989 میں وزیر اعظم صادق المہدی کو معزول کرکے جنرل عمر البشیر نے اقتدار سنبھال لیا تھا۔ اقتدار سے معزولی کے باوجود صادق المہدی سوڈان کی سیاست میں کافی مؤثر شخصیت رہے اور ان کی جماعت نے آمر کے دور میں دلیرانہ کردار ادا کیا۔