صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے اختیارات کے منتقلی کے عمل کو شروع کرنے کی اجازت دینے پر رضامندی ظاہر کردی۔
تاہم انہوں نے کہا کہ ایسا صرف تب ہوگا جب 3 نومبر کے تصدیق شدہ انتخابی نتائج میں ان کے حریف جو بائیڈن کی جیت ظاہر ہو۔
جو بائیڈن، جو ایک ڈیموکریٹ ہیں، کے پاس اب ٹرمپ کے 232 کے مقابلے میں 306 انتخابی ووٹ ہیں اور وہ اپنے ریپبلکن حریف سے تقریباً 6 لاکھ مقبول ووٹوں سے آگے ہیں۔
جو بائیڈن کے ٹرمپ کے 7 کروڑ 40 لاکھ ووٹوں کے مقابلے میں تقریباً 8 کروڑ ووٹس ہیں۔
جو بائیڈن کے 8 کروڑ ووٹ صدارتی اُمیدوار کو ملنے والے اب تک کے سب سے زیادہ ووٹس ہیں جبکہ ٹرمپ کے 7 کروڑ 40 لاکھ ووٹس دوسرے نمبر پر ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ‘ہمارے ملک کے بہترین مفاد میں، میں ایملی اور ان کی ٹیم کو تجویز کر رہا ہوں کہ وہ ابتدائی پروٹوکول کے حوالے سے جو کچھ کرنے کی ضرورت ہے وہ کرے اور میں نے اپنی ٹیم کو بھی ایسا کرنے کو کہا ہے’۔