کووڈ 19 مرض کے خلاف ایک اور ویکسین کی غیرمعمولی کامیابی کا دعویٰ

293

فائزر اور بایونٹیک کی جانب سے کووڈ 19 کی ایک نئی ویکسین کے بارے میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ کووڈ 19 کی بیماری کو 90 فیصد تک روک سکتی ہے اور اب اس سے بھی بڑھ کر موڈرنا نامی کمپنی نے اپنی نئی ویکسین کے بارے میں دعویٰ کیا ہے کہ یہ عام صحت مند انسانوں پر لگانے کے بعد انہیں کووڈ 19 سے بچانے میں 94.5 فیصد تک مؤثر ہے۔

اس طرح دسمبر تک امریکا کے پاس کووڈ 19 کے خلاف دو ویکسین آگئی ہیں جن کی کم ازکم 6 کروڑ خوراکیں اس سال کے آخر تک دستیاب ہونے کی امید ہے۔ یہ ویکسین بھی بایونٹیک کی طرح میسنجر آراین اے (ایم آر این اے) کی طرز پر کام کرتی ہے۔

اچھی بات یہ ہے کہ اسے عام فریج کے درجہ حرارت پر محفوظ کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر موڈرنا کمپنی کے سربراہ اسٹیفن ہوگ نے بتایا کہ طبی آزمائش کے شرکا کو 28 دن کے وقفے سے ویکسین کی دو خوراکیں دی گئی تھیں اور بعد ازاں 100 میں سے صرف 5 افراد ہی کورونا کے شکار ہوئے یعنی اس کی افادیت 95 فیصد تک ہے۔