آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کو ایک سال کیلئے ملتوی کر دے: کرکٹ آسٹریلیا

307

دبئی: رواں سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ انعقاد سے قبل تنازعات کی زد میں ہے اب کرکٹ آسٹریلیا نے آئی سی سی سے میگا ایونٹ ایک سال ملتوی کرنے کیلئے درخواست دیدی ہے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی نے ٹیلی کانفرنس میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے انعقاد کا فیصلہ 10 جون تک مؤخر کر دیا ہے۔

دس جون کو اگلی میٹنگ میں ٹی 20 ورلڈکپ 2020ء کے حوالے سے فیصلہ متوقع ہے جبکہ دوسری طرف آئی سی سی نے کرکٹ بورڈز کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2020 کے میچز اکتوبر اور نومبر میں کروانے کا عندیہ دیا گیا تھا جس کے بعد خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ملتوی کردیا جائے گا۔

آسٹریلیا کے میڈیا میں رپورٹس تھیں کہ بھارت کا بااثر بورڈ آئی پی ایل کے انعقاد کے لیے ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کو ملتوی کرنا چاہے گا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) ان خبروں کو مسترد کردیا تھا۔

بی سی سی آئی کے خزانچی ارون سنگھ دھمل کا کہنا تھا کہ بی سی سی آئی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو ملتوی کرنے کی تجویز کیوں دے گا، ہم اجلاس میں تبادلہ خیال کریں گے اور آئی سی سی کو جو مناسب لگے وہ فیصلہ کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آسٹریلیا کی حکومت اعلان کرتی ہے کہ ٹورنامنٹ ہوگا اور کرکٹ آسٹریلیا اس کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے تو یہ ان کا فیصلہ ہوگا اور بی سی سی آئی کوئی تجویز نہیں دے گی۔