کراچی: کراچی میں کرکٹ میلہ سجنے کا وقت قریب آگیا جب کہ مارچ میں ملتوی شدہ پی ایس ایل 5پلے آف میچزکے انعقاد کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔
کورونا کے باعث مارچ میں ملتوی شدہ پی ایس ایل 5کے پلے آف میچز کا سلسلہ ہفتے سے بحال ہورہا ہے، پہلے روز کوالیفائر میں ایونٹ کی سرفہرست ملتان سلطانز کو کراچی کنگز کا چیلنج درپیش ہوگا۔ اس کے بعد ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کا مقابلہ ہونا ہے۔
پلے آف میچز کیلیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تیاریاں کرلی گئی ہیں، تماشائیوں کو آمد کی اجازت نہ ہونے کے باوجود انکلوژرز کی نشستوں کو دھوکر صاف کر دیا گیا، وینیو کو پْرکشش بنانے کے لیے بڑے پینافلیکس لگائے گئے ہیں،مرکزی عمارت کے مختلف حصوں کی تزئین و آرائش بھی مکمل کرلی گئی، بائیو سیکور ماحول پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے مکمل حکمت عملی ترتیب دیدی گئی ہے، غیرمتعلقہ افراد کو کھلاڑیوں یا آفیشلز کے قریب بھی نہیں پھٹکنے دیا جائے گا۔
ہفتے کو پہلے ایلیمنیٹر میں مقابل ہونے والی دونوں ٹیمیں فتح کے ساتھ ٹائٹل کی جانب سفر جاری رکھنے کیلیے پْرعزم ہیں، ویڈیوکال پر میڈیاکانفرنس میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کہا کہ پلے آف میچز سے قبل کورونا کی وجہ سے 8 ماہ کا طویل وقفہ آیا، ہمیں تیاریوں کے لیے کم وقت ملا، کوشش ہوگی کہ فائنل تک رسائی پانے میں کامیاب ہوجائیں۔