پنسلوانیا: ایک طرف دنیا بھر میں طبی ماہرین کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ادویہ اور ویکسینز پر تجربات کر رہے ہیں دوسری طرف امریکی انجینئرز نے الٹرا وائلٹ ریز والی ایک ایسی جدید اور حیرت انگیز مشین ایجاد کر لی ہے جو قاتل کرونا وائرس کو ایک سیکنڈ کے 2 ہزارویں حصے میں مار دیتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک امریکی الیکٹرونکس فرم ڈائنامکس نے ایک کرونا وائرس کلنگ مشین کی نقاب کشائی کی ہے، جو جراثیم کو کھینچتی ہے اور انتہائی شدید بالا بنفشی روشنی سے انھیں تباہ کر دیتی ہے۔
اس مشین کو نینو ویو کا نام دیا گیا ہے، حیرت انگیز امر یہ ہے کہ یہ ٹیکنالوجی ایک سیکنڈ کے 2 ہزار ویں سے بھی کم عرصے میں 99 فی صد وائرس کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ آلہ 4 موٹرز پر مشتمل ہے جن کے ذریعے یہ 300 لیٹرز تک ہوا کھینچتا ہے، اور پھر کرونا وائرس سے پاک ہوا 10 فٹ دور پھینک دیتا ہے۔
یہ مشین بنانے والی ٹیم نے اسے یونی ورسٹی آف ٹیکساس، میڈیکل برانچ اور کولوراڈو اسٹیٹ یونی ورسٹی میں ٹیسٹ کیا ہے، جہاں وائرس ختم کرنے کی اس کی کارکردگی 99.99907 فی صد رہی۔ ڈائنامکس پانی، ہوا اور چیزوں کی سطح پر اس مشین کے 80 تجربات کر چکا ہے۔کئی اداروں کی جانب سے اسے سرٹیفکیٹس مل چکے ہیں۔