ڈونلڈ ٹرمپ ہار نہیں مانیں گے، شکست پر لڑ پڑیں گے، سابق اہلیہ

381

ڈونلڈ ٹرمپ کی سابق اہلیہ و سابق ماڈل 71 سالہ ایوانا ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کے سابق شوہر ضدی ہیں، وہ ہار نہیں مانیں گے۔

میگزین پیپلز کو دیے گئے انٹرویو میں ایوانا ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ امریکی انتخابات میں سابق شوہر کی شکست کو تسلیم کر چکی ہیں اور وہ چاہتی ہیں کہ ہار اور جیت کا یہ کھیل ہوجائے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کو جانتی ہیں، وہ ضدی ہیں، وہ کبھی بھی اپنی شکست تسلیم نہیں کرتے۔

ایوانا ٹرمپ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ آسانی سے اپنی شکست کو نہ تو تسلیم کریں گے اور نہ ہی وہ ہار مانیں گے بلکہ وہ ہارنے کے باوجود اپنی جیت کے لیے لڑیں گے۔

انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ہار گئے اور ان کے تینوں بچے قید و انتہائی سخت سیکیورٹی کی زندگی سے آزاد ہوگئے۔

ان کے مطابق وہ اس بات پر خوش ہیں کہ اب ان کے تمام بچے عام امریکی افراد کی طرح زندگی گزاریں گے۔

خیال رہے کہ ایوانا ٹرمپ ماضی کی مقبول ماڈل ہیں اور وہ ماضی میں پلے بوائے جیسے میگزین کے لیے بھی فوٹوشوٹ کروا چکی ہیں۔

ایوانا ٹرمپ نے 1977 میں ڈونلڈ ٹرمپ سے شادی کی تھی اور دونوں کے درمیان 15 سال بعد 1992 میں طلاق ہوگئی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کو تینوں بڑے بچے ایوانا ٹرمپ سے ہوئے، جن میں ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر، ایونکا ٹرمپ اور ایرک ٹرمپ شامل ہیں۔

ایوانا ٹرمپ نے ڈونلڈ ٹرمپ سے دوسری شادی کی تھی، وہ اس سے قبل بھی ایک شادی کر چکی تھیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ سے طلاق کے بعد بھی ایوانا ٹرمپ نے مزید دو شادیاں کیں، جن میں سے ان کی تیسری شادی بھی طلاق پر ختم ہوئی تھی۔