امیتابھ بچن کے خلاف ہندوؤں کے جذبات مجروح کرنے کا مقدمہ دائر

430

بولی وڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن کے خلاف بھارت کی مرکزی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ریاستی اسمبلی کے رکن کی فریاد پر ہندوؤں کے جذبات مجروح کرنے کا مقدمہ دائر کردیا گیا۔

ریاست مہاراشٹر اسمبلی کے بی جے پی رکن ابھیمنیو پوار نے ضلع لاتور میں امیتابھ بچن اور ان کا گیم شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ چلانے والے ٹی وی چینل ’سونی انٹرٹینمنٹ‘ کے خلاف توہین مذہب کا مقدمہ دائر کروایا۔

ابھیمنیو پوار نے امیتابھ بچن پر اپنے گیم شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں ہندوؤں کے جذبات مجروح کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے پولیس سے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

رکن اسمبلی نے بولی وڈ بگ بی کے خلاف دائر کیے گئے مقدمے کی درخواست میں بتایا کہ امیتابھ بچن نے 30 اکتوبر کو اپنے گیم شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے خصوصی پروگرام ’کرم ویر اسپیشل‘ میں کروڑوں افراد کے جذبات کو مجروح کیا۔