نگورنوکاراباخ: آذربائیجان نے بڑی کامیابی حاصل کرلی

321

آرمینیا کے ساتھ نگورنو کاراباخ تنازع پر آذربائیجان نے بڑی کامیابی حاصل کرلی۔

عرب خبر رساں ادارے کےمطابق آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے اتوار کے روز ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے قوم کو کامیابی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ آذربائیجان کی فورسز نے نگورونو کاراباخ کے دوسرے بڑے شہر شوشا کو آرمینین افواج سے آزاد کراکر اس کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

تاہم آرمینین حکام نے آذربائیجان کے صدر کے دعوے کی نفی کرتے ہوئے کہا ہےکہ علاقے میں اب بھی شدید لڑائی جاری ہے۔

عرب میڈیا کا کہنا ہےکہ تنازع میں اگر آذربائیجان کا دعویٰ درست ثابت ہوتا ہے تو یہ اس کی ایک بڑی جیت ہوگی۔

آذربائیجان کے صدر کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ انتہائی فخر کے ساتھ یہ بتانا چاہتا ہوں کہ شوشا شہر آزاد کرالیا گیا ہے جس کے بعد 8 نومبر کا دن آذربائیجان کے لوگوں کیلیے تاریخی طور پرلکھا جائے گاجس دن ہم نے شوشا کو واپس لیا۔

عرب میڈیا کے مطابق صدر کے اعلان کے بعد دارالحکومت باکو میں عوام کی بڑی تعداد جشن منانے سڑکوں پر نکل آئی جنہوں نے اپنی افواج اور حکومت کے حق میں نعرے بازی کی۔