امریکا میں کورونا کیسز ایک کروڑ سے بڑھ گئے، پرتگال میں کرفیو نافذ

223

دنیا بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس کا پھیلاؤ تاحال تھم نہ سکا اور  امریکا میں وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔

امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 1 لاکھ 24 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک کروڑ سے بڑھ گئی ہے۔

امریکی ریاست ٹیکساس 10 لاکھ سے زائد کیسز والی پہلی امریکی ریاست بن گئی جب کہ امریکا کی 41 ریاستوں میں کورونا کے نئے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

پرتگال کے وزیراعظم انتونیو کوسٹا نے ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پیر سے کرفیو  نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

وزیراعظم پرتگال انتونیو کوسٹا کے مطابق پیر سے دو ہفتےکے لیے کرفیو نافذ کیا جا رہا ہے، سخت لاک ڈاؤن سے بچنے کے لیےکرفیو کا نفاذ ضروری ہے، کورونا کا پھیلاؤ روکنےکا واحد راستہ سماجی رابطوں سے گریز ہے۔

خیال رہے کہ پرتگال میں اکتوبر سے روانہ تقریباً 6 ہزار کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔

بھارتی وزارت صحت کے مطابق ایک دن میں کورونا کے 45 ہزار 674 کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں جب کہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے 559 اموات رپورٹ ہوئیں۔

بھارتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 85 لاکھ ہو گئی ہے جب کہ اموات ایک لاکھ 26 ہزار سے زائد ہو گئی ہیں۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 5 کروڑ 2 لاکھ 56 ہزار 532 ہو گئی ہے جب کہ دنیا بھر میں کورونا سے ہونے والی اموات 12 لاکھ 56 ہزار 148 ہوگئی ہے۔

علاوہ ازیں دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے 3 کروڑ 55 لاکھ47 ہزار 30 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔