کابل: طالبان نے افغانستان کے صوبے بغلان میں مختلف حملے کیے جس کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی فورسز کے اہلکار ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق بغلان میں طالبان نے قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا، فورسز نے جوابی کارروائی میں متعدد شدت پسندوں کو ہلاک بھی کیا۔
رپورٹ کے مطابق طالبان نے جن علاقوں پر حملے کیے ان میں بغلان مرکزی، نہران اور پل کمری شامل ہے۔ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ جوابی کارروائی میں تقرییاً 10 طالبان جنگجو ہلاک ہوئے۔
گزشتہ ہفتے افغانستان میں پولیس سینٹر پر مسلح افراد کے حملے میں تین اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ حملے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لیکر آمد و رفت سیل کردی تھی۔
یاد رہے کہ 3 اکتوبر کو افغانستان کے صوبے ننگرہار میں کار بم دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں افغانستان کے انٹرنیشنل امپائر بسم اللہ جان شنواری سمیت 15 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے تھے۔