کورونا وائرس کی وجہ سے لنکا پریمیئر لیگ پھر ملتوی

303

عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے لنکا پریمیئر لیگ کا انعقاد تیسری بار مؤخر کردیا گیا جبکہ ایونٹ کے وینیوز کی تعداد بھی تین سے کم کرکے ایک کردی گئی ہے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایونٹ کا انعقاد 21 نومبر سے ہونا تھا جس میں کرس گیل، فاف ڈوپلیسی، شاہد آفریدی اور کارلوس براتھ ویٹ سمیت دیگر نامور کھلاڑی شرکت کریں گے، تاہم اب ایونٹ کو مزید 6 دن آگے بڑھا دیا گیا ہے۔

بورڈ کا کہنا ہے کہ اب لیگ خالی اسٹیڈیم میں 27 نومبر سے شروع ہوگئی اور 17 دسمبر کو اس کا فائنل ہوگا جبکہ سارے میچز ہمبنٹوٹا میں ہی کھیلے جائیں گے۔

خیال رہے کہ لنکا پریمیئر لیگ کا انعقاد رواں برس اگست میں ہونا تھا تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے پہلے لیگ کو 14 اور پھر 21 نومبر تک مؤخر کردیا گیا تھا۔