جھوٹ نہ پھیلائیں، حاملہ نہیں ہوں:ہیلی بالڈوین

773

کینیڈین نژاد امریکی گلوکار 26 سالہ جسٹن بیبر کی اہلیہ ماڈل ہیلی بالڈوین المعروف ہیلی بیبر نے اپنے حمل سے متعلق پھیلنے والی خبروں کو جھوٹا قرار دے دیا۔

جسٹن بیبر اور ہیلی نے اپریل 2019 میں سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے فروری 2019 میں شادی کرلی تھی، اس سے قبل دونوں کی شادی کی افواہیں چل رہی تھیں۔

دونوں کی جانب سے خاموشی سے شادی کرنے اور دو ماہ بعد اس کے اعتراف پر ان کے مداح بھی حیران رہ گئے تھے۔

دونوں کی شادی کے فوری بعد یہ خبریں آنا شروع ہوگئی تھیں کہ دونوں کو والدین بننے کی بڑی جلدی ہے اور بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ممکنہ طور پر ہیلی بیبر شادی سے قبل ہی حاملہ ہوچکی ہیں۔

تاہم ایسی خبروں کی کوئی تصدیق نہیں ہوسکی تھی اور پھر ان کی شادی کے تین مہینے بعد ہی دونوں میں سرد مہری کی خبریں سامنے آئیں اور خیال کیا جانے لگا کہ دونوں کی طلاق ہوجائے گی۔

تاہم جسٹن اور ہیلی بیبر کے درمیان اختلافات کی خبروں اور چہ مگوئیوں کی بھی کوئی تصدیق نہیں ہوسکی تھی۔

دونوں کی شادی، پیار اور اختلافات کی خبروں کے بعد رواں برس اگست میں ایک بار پھر ان کے ہاں جلد بچے کی پیدائش کے امکانات کی خبریں سامنے آنے لگی تھیں۔

اگست میں امریکی ویکلی شوبز میگزین یو ایس میگزین نے جسٹن اور ہیلی بابر کی جانب سے اپنے رشتے داروں کے بچوں کے ساتھ پیار کرنے کی تصاویر شائع کرنے سمیت دیگر اداکاروں کے خیالات پر مبنی اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ دونوں 2021 تک والد بننے کی خواہش رکھتے ہیں۔