جنیوا: ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈونوم گیبریس نے ایک ایسے شخص سے ملنے پر جس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا خود کو قرنطینہ کرلیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ڈبلیو ایچ او ٹیڈروس ایڈونوم گیبریس نے کورونا احتیاطوں کے پیش نظر خود کو گھر مین قرنطینہ کرلیا ہے تاہم وہ اپنی ذمہ داریاں گھر ہی سے ادا کرتے رہیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میں ٹیڈروس ایڈونوم گیبریس نے لکھا کہ ایک ایسے شخص سے حال ہی میں ملاقات ہوئی تھی جن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اس لیے احتیاطاً خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ٹیڈوروس کا کہنا تھا کہ ہم سب کو کورونا سے متعلق عالمی ادارہ صحت کی احتیاطوں پر عمل کرنا چاہیئے کیونکہ صرف اسی کے ذریعے وبا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر ٹیڈروس نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ میں اور میرے ساتھی لوگوں کی جانیں بچانے کے لیے اپنا کام جاری رکھیں گے اور میں گھر سے ہی اپنے ساتھیوں سے رابطے میں رہوں گا۔