برطانوی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ برطانوی شہزادہ ولیم بھی رواں برس اپریل میں کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے، تاہم انہوں نے ملک میں زیادہ خوف نہ پھیلنے کے باعث اپنی بیماری کو خفیہ رکھا۔
رواں برس مارچ میں برطانیہ میں کورونا وائرس اپنے عروج پر تھا اور شاہی خاندان نے بھی احتیاطی تدابیر کے پیش نظر ایک دوسرے سے سماجی دوری اختیار کرلی تھی۔
مارچ کے آخر میں ہی شہزادہ ولیم کے والد شہزادہ چارلس میں کورونا کی تشخیص بھی ہوئی تھی جب کہ ملکہ برطانیہ نے بھی احتیاطی تدابیر کے تحت شاہی محل کو چھوڑ کر دوسرے ونڈسر محل میں منتقل ہوگئی تھیں۔
اگرچہ اس وقت صرف شہزادہ چارلس کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی تھی تاہم ایک ہفتے کے اندر وہ صحت یاب ہوگئے تھے۔