چلی: ماہرینِ فلکیات نے ملکی وے کے مرکزی پھولے ہوئے حصے (بلج) کا تفصیلی سروے کرنے کے بعد اس کی ایک تصویر پیش کی ہے جسے زوم کرکے دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ رنگین تصویر 50,000 بائے 25,000 پکسل پر مشتمل ہے اور اسے زوم کرکے انتہائی تفصیل سے 25 کروڑ ستاروں کو دیکھا جاسکتا ہے۔
اسے جاری کرنے کا مقصد عام افراد کو ملکی وے کہکشاں کی عظمت و حجم سے آگاہ کرنا ہے۔ اس بڑی سی تصویر کو کئی ہزار تصاویر سے جوڑ کر بنایا گیا ہے۔ چلی میں واقع سیرو ٹولولو امریکن آبزرویٹری میں ایک چارمیٹر قطر کی دوربین پر لگے ڈارک انرجی میٹر کیمرہ سے یہ سروے کیا گیا ہے ۔ اس دیوقامت منظر میں بصری، قریبی بالائے بنفشی اور قریبی زیریں سرخ روشنیوں میں نہائے ستارے اور اجسام کو دیکھا جاسکتا ہے۔
ہزاروں لاکھوں تصاویر کے اس مجموعے سے ایک ضخیم مجموعہ بنانا بہت صبر آزما کام تھا۔ اس کے لیے سات ہزار ایکسپوژر کئے گئے جو ساڑھے چار لاکھ سی سی ڈی تصاویر کےبرابر ہیں اور ان میں پکسل کی تعداد ساڑھے تین ٹریلیئن کے برابر ہے۔