دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے بیٹے اذہان مرزا ملک آج پورے دو برس کے ہوگئے ہیں۔
ثانیہ مرزا نے سالگرہ کے موقع پر سماجی رابطے کی فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ انسٹاگرام اذہان کی دو تصاویر شیئر کیں، ایک میں اُن کا صاحبزادہ بستر پر لیٹ کر ہنس رہا تھا جبکہ دوسرے میں ثانیہ مرزا اپنے شوہر کے ساتھ موجود تھیں۔
بھارتی ٹینس اسٹار نےاذہان کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ ’اُس لڑکے کو سالگرہ مبارک جس کی وجہ سے میرا جہاں روشن ہوا، جس نے میرے لیے یہ دنیا بالکل تبدیل کر دی‘۔
ثانیہ مرزا نے مزید لکھا کہ ’ہم تمھیں دنیا میں موجود کسی بھی چیز سے زیادہ پیار کرتے ہیں‘۔
یاد رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا 2010 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے، شادی کے بعد دونوں نے اپنے اپنے ممالک میں زیادہ وقت گزارا البتہ اس دوران دونوں کا ایک دوسرے کے گھر کا چکر بھی لگتا رہا۔
یاد رہے کہ 30 اکتوبر2018 کو نامور پاکستانی کرکٹر اور بھارتی ٹینس اسٹار کے گھر بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام انہوں نے اذہان رکھا۔