دبئی: پاکستانی قیدی کی فرار کے بدلے پولیس اہلکار کو بھاری رشوت کی پیشکش

278

متحدہ عرب امارات میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک پاکستانی قیدی نے فرار کے بدلے پولیس اہلکار کو مرسڈیز گاڑی، رولیکس گھڑی اور ماہانہ 20 ہزار درہم ادا کرنے کی پیشکش کر دی۔

خبریں ہیں کہ 40 سالہ پاکستانی قیدی کو عدالت کی جانب سے دو سال کی سزا دی گئی ہے۔ اسے رواں سال جون 2020ء میں گرفتار کیا گیا تھا۔ مجرم کو عربی زبان پر بھی مکمل عبور حاصل ہے، اسی کا سہارا لیتے ہوئے اس نے اپنی حفاظت پر مامور امارتی پولیس اہلکار کو پیشکش کی کہ اگر وہ اسے فرار کروانے میں مدد کرے تو وہ مرسڈیز کار، رولیکس گھڑی اور 50 ہزار درہم کی خطیر رقم کا مالک بن سکتا ہے جبکہ ہر ماہ اسے 20 ہزار درہم کی اضافی رقم بھی دی جائے گی۔ پاکستانی قیدی چاہتا تھا کہ پولیس افسر اس کا کسی ایسے شخص سے رابطہ کروا دے جو اسے فرار کروا سکے۔

پولیس اہلکار نے انتہائی چالاکی سے اس کی تمام باتیں سنیں اور اسے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس کی آفر پر غور کرے گا لیکن اس نے یہ تمام باتیں اپنے افسران بالا کو بتا دیں۔