پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے شادی کی بیسویں سالگرہ کے موقع پر اہلیہ کے ہمراہ سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کرکے انہیں خصوصی پیغام دیا۔
شاہد آفریدی نے 21 اکتوبر کو اپنی ٹوئٹ میں اہلیہ کے ہمراہ 2 تصاویر شیئر کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ آج بھی وہ اپنی شادی کی سالگرہ بھول چکے تھے مگر ان کی اس غلطی کو ان کی اہلیہ نے معاف کردیا۔
سابق کپتان نے زندگی کے 20 سال ساتھ گزارنے اور ساتھ دینے پر اہلیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اس بات پر بہت خوش ہیں کہ وہ دونوں بچوں کے والدین بنے۔
شاہد آفریدی نے اہلیہ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ باتوں کو بھولنے پر معاف کرنا ان کی اہلیہ کی بہترین خصوصیات میں سے ایک خصوصیت ہے۔
انہوں نے اہلیہ کو مینشن کرتے ہوئے انہیں شادی کی سالگرہ کی مبارک باد بھی پیش کی۔