بھارت نے زمبابوے کے ہیڈ کوچ کو پاکستان جانے سے روک دیا

242

بھارت نے  ‏اپنے شہریوں کے لیے قائم ٹریول ایڈوائزری کو بنیاد بنا کر زمبابوے کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ لال چند راجپوت کو پاکستان جانے سے روک دیا جس کے بعد زمبابوے کرکٹ نے لال چند کی عدم دستیابی میں قائم مقام کوچ کا تقرر کردیا۔

‏زمبابوے کرکٹ ٹیم آج صبح تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے اسلام آباد پہنچی لیکن اسکواڈ کے ہمراہ ہیڈ کوچ لال چند راجپوت نہیں ہیں۔

زمبابوے کرکٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹیم کے ہیڈ کوچ لال چند راجپوت دورہ پاکستان میں شامل نہیں ہیں،  ہرارے میں بھارتی سفارتخانے نے ہیڈ کوچ کو پاکستان نہ لے کر جانے کے لیے خط لکھا جس میں کہا گیا کہ لال چند بھارتی شہری ہیں لہٰذا انہیں بھارتی حکومت کی سفری گائیڈ لائنز کے مطابق ٹور میں شامل نہ کیا جائے۔

 دوسری جانب زمبابوے کرکٹ نے بولنگ کوچ ڈوگلس ہونڈو کو اضافی ذمہ داریاں دیتے ہوئے سیریز کے لیے ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔