متحدہ عرب امارات کی پہلی مسافر پرواز اسرائیل پہنچ گئی

227

اسرائیل اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے ہونے والے معاہدے کو مزید مضبوط کرتے ہوئے یو اے ای کی پہلی مسافر پرواز آج (19 اکتوبر کو) اسرائیلی شہر تل ابیب پہنچ گئی۔

اتحاد ائیر ویز نے اپنے بیان میں کہا کہ اتحاد ایئر ویز کی فلائٹ نمبر 9607 صبح 7 بجے کے بعد اسرائیل کے بین الاقوامی ایئرپورٹ بن گوریون ایئرپورٹ پہنچی۔

بیان میں کہا گیا کہ پیر کو ہی بوئنگ طیارہ 787 ڈریم لائنر اسرائیلی وفد اور سیاحوں کو لے کر ابوظبی ائیرپورٹ کے لیے روانہ ہوگئی۔

اتحاد ائیر ویز کا مزید کہنا تھا کہ ایئرلائن مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ مسافر پروازوں کے آغاز کا ارادہ رکھتی ہے اور وہ ایک عبرانی ویب سائٹ شروع کرنے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اتحاد ائیر ویز کا غیر نشان زدہ کارگو طیارہ کورونا کے خلاف جنگ میں فلسطینیوں کی مدد کے لیے امداد لے کر تل ابیب پہنچا تھا۔

علاوہ ازیں اگست میں اسٹار آف ڈیوڈ سے مزین ال عال ایئرلائن کا طیارہ پہلی براہ راست پرواز میں اعلیٰ سطحی امریکی اور اسرائیلی وفد کو لے کر اسرائیل سے ابوظبی گیا تھا۔