ٹوکیو: جاپان سوئمنگ فیڈریشن نے چار بار عالمی چیمپیئن شپ جیتنے والے ڈیاہ سیٹو کو غیر ازدواجی تعلقات رکھنے پر رواں برس کے لیے معطل کردیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان سوئمنگ فیڈریشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گورننگ باڈی نے 26 سالہ ڈیاہ سٹیو کو کھلاڑیوں کے لیے وضع کیے گئے ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی کا مرتکب پایا ہے جس کی پاداش میں انہیں رواں سال کے تمام میچز کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔
200 میٹر 400 میٹر کے انفرادی مقابلوں کے ورلڈ چیمپیئن ڈیاہ سیٹو نے غیر ازدواجی تعلقات رکھنے کا اعتراف کرتے ہوئے گورننگ باڈی کے فیصلے کو تسلیم کرلیا اور جاپان اولمپک ٹیم کی کپتانی سے بھی استعفیٰ دیدیا ہے۔ اب وہ 2021 میں ہونے والے ٹوکیو اولمپکس میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے۔