امریکا کے نیشنل انسٹیٹوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشیس ڈیزیزز کے سربراہ ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے نومبر میں ہونے والے انتخابات کے لیے صدر ٹرمپ کی صدارتی مہم میں خود سے منسوب بیان کو گمراہ کن قرار دے دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم کے دوران چلنے والے ایک اشتہار میں دکھایا گیا ہے کہ ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کہہ رہے ہیں ’میں تصور بھی نہیں کر سکتا کہ کوئی کووڈ 19 کے خلاف جنگ کے لیے اس قدر زیادہ بھی کر سکتا ہے‘، اشتہار میں ایسا دکھایا گیا ہے کہ جیسے ڈاکٹر فاؤچی یہ بیان صدر ٹرمپ کے لیے دے رہے ہیں۔
اس 30 سیکنڈ کے اشتہار میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ اور امریکا کورونا سے صحتیاب ہو کر آ رہے ہیں۔
تاہم ڈاکٹر فاؤچی نے صدارتی مہم کے دوران خود سے منسوب بیان کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے 50 سالہ کیرئیر کے دوران میں نے کبھی عوامی سطح پر کسی سیاستدان کی تائید نہیں کی۔