بھارتی فوجیوں کی جانب سے حکومت کی کرپشن اور فوجی افسران کے امتیازی سلوک کی ویڈیوز کا سلسلہ بہت پرانا ہے تاہم حال ہی میں وائرل ہونے والی نئی ویڈیو میں ایک اور بھارتی فوجی نے سرکار اور افسران کے لیے ‘خود کو قربانی’ کا بکرا قرار دے دیا۔
سویڈن کی اپسالا یونیورسٹی میں پیس اینڈ کونفلیکٹ ریسرچ کے پروفیسر اشوک سوائن نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں بھارتی فوجیوں کو شکوہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے کہ ‘انسداد دہشت گردی کے آپریشن میں شمولیت کے لیے بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے کے بجائے عام گاڑی دے کر فوجی افسران ہماری زندگیوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں’۔
اس دوران برابر میں بیٹھے ایک فوجی اہلکار نے کہا کہ ‘کمانڈر کی ذمہ داری ہے کہ وہ اوپر بتائیں’۔
جس پر شکوہ کرنے والے اہلکار نے جواب دیا کہ ‘کمانڈر نہیں بتائے گا، ہم جان بوجھ کر اپنی زندگی برباد کر رہے ہیں اور کمانڈر کو کیا ضرورت ہے بولنے کی، وہ تو نہیں بولے گا’۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘او سی (سینئر افسر) بلٹ پروف گاڑی میں چار پانچ لوگوں کے ساتھ روانہ ہوگئے اور ہمیں اس عام گاڑی میں بھیج دیا جہاں بلٹ پروف گاڑی محفوظ نہیں وہاں یہ ٹین کا ڈبہ جس پر پتھر مارو تو آر پار ہوجائے، ایسے میں ہم کس طرح محفوظ ہوسکتے ہیں’۔
فوجی اہلکار نے کہا کہ ‘ہمیں اس گاڑی میں چھانٹ کر بھیج دیا گیا تاکہ ہم حملے میں مارے جائیں’۔