برطانوی وزیراعظم کے والد نے بیوی کی ناک توڑی: کتاب میں انکشاف

290

برطانوی صحافی نے  اپنی کتاب میں انکشاف کیا ہےکہ برطانیہ کے موجودہ وزیراعظم بورس جانسن کے والد نے ایک مرتبہ ان کی والدہ کی ناک توڑ دی تھی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق صحافی ٹوم بوور کی کتاب ’دی گیمبلر‘ میں انکشاف کیا گیا ہے 1979 میں طلاق سے قبل برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے والدین کا رشتہ ’پُر تشدد اور ناخوشگوار‘ تھا جس کی وجہ سے بورس جانسن کے والد اسٹینلے نے ایک مرتبہ ان کی والدہ شارلوٹ کی ناک توڑ ڈالی تھی جس سے وزیر اعظم بورس جانسن خوفزدہ ہوگئے تھے۔

کتاب میں کہا گیا ہےکہ یہ واقعہ 1970 میں پیش آیا تھا جس سے متعلق برطانوی وزیراعظم کی والدہ کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ میرے شوہر اسٹینلے نے میری ناک توڑ دی تھی اور مجھے یہ احساس دلایا تھا کہ میں رویے کی مستحق ہوں۔ؤ

صحافی ٹوم بوور نے اپنی کتاب میں مزید لکھا کہ اس واقعے نے بورس جانسن کو اپنی ماں کے لیے اذیت میں مبتلا کردیا تھا جس کے بعد وہ اکیلے پڑ گئے تھے اور کسی پر بھی اعتماد کرنے کو تیار نہیں ہوتے تھے۔

دوسری جانب برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس حوالے سے بورس جانسن کی والدہ سے رابطہ کیا جس پر انہوں نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ انہوں نے یہ کتاب نہیں پڑھی۔

خیال رہے کہ برطانوی وزیراعظم کی والدہ چارلوٹ نے ان کے والد اسٹینلے سے 1963 میں شادی کی تھی اور ان کے 4 بچے ہیں۔