لڑکے کے طور پر پیدا ہوکر جوانی سے قبل اپنی جنس تبدیل کروانے والی پاکستانی گلوکارہ و ماڈل شاعرہ رائے کو عام طور پر لوگ ٹرانس جینڈر گلوکارہ ہی سمجھتے ہیں۔
تاہم درحقیقت انہوں نے جینڈر ڈس آرڈر اور ہارمونز کی خرابی کے باعث جوانی سے قبل ہی اپنی جنس تبدیل کروائی تھی۔
حال ہی میں شاعرہ رائے نےانٹرویو میں پہلی بار اپنی جنس اور زندگی پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ کس طرح انہیں جنس تبدیل کروانے سے قبل مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
شاعرہ رائے کا کہنا تھا کہ وہ پیدائش سے لے کر تقریبا بلوغت تک لڑکا ہی تھیں، تاہم ان میں کبھی بھی لڑکوں والے احساسات نہیں جاگے اور ان کی شکل بھی لڑکیوں کی طرح تھی۔
گلوکارہ کے مطابق وہ بچپن سے ہی اپنے جنسی مسائل سے متعلق آگاہ تھیں اور ان کی والدہ کو بھی ان کی پریشانیوں کا علم تھا مگر ان کی باتوں پر کوئی یقین نہیں کرتا تھا اور ہر کوئی سمجھتا تھا کہ وہ بہانے اور ڈرامے کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جنس تبدیل کروانے سے قبل بھی انہیں بہت سارے لوگ پریشان کرتے تھے اور تبدیلی جنس کے بعد انہیں مزید تنگ کیا گیا، جس باعث انہوں نے کم سے کم لوگوں سے تعلقات رکھے۔
خیال رہے کہ شاعرہ رائے پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں پیدا ہوئیں اور بچپن میں ہی والدین کے ہمراہ صوبائی دارالحکومت لاہور منتقل ہوگئیں، جہاں انہوں نے کالج تک تعلیم حاصل کی۔
دوران تعلیم بھی انہیں تنگ کیا جاتا رہا اور انہوں نے کالج کی تعلیم کے دوران ہی اپنی جنس تبدیل کروائی، جس کے بعد وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی چلی گئیں۔
جنسی مسائل کے ساتھ پیدا ہونے کی وجہ سے شاعرہ رائے کو بچپن سے ہی مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا اور انہیں محض 8 سال کی عمر میں ان کے کزن نے جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔
شاعرہ رائے نے لوگوں کے رویوں سے تنگ آکر ایک یا دو بار نہیں بلکہ تین بار خودکشی کی کوشش بھی کی، تاہم خوش قسمتی سے ان کی زندگی بچ گئیں۔
اعلیٰ تعلیم کے لیے دبئی منتقل ہونے کے دورا ان سے ایک پاکستانی نژاد لڑکے نے محبت کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ شادی کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔
ماڈلنگ کی دنیا میں قدم رکھنے کے بعد جلد ہی شاعرہ رائے نے رائے موشن پکچر کے نام سے اپنا پروڈکشن ہاؤس کھولا اور پھر انہوں نے گلوکاری کا آغاز بھی کردیا۔
علاہ ازیں جلد ہی شاعرہ رائے کا گانا کملی ریلیز ہوگا، جس میں وہ اداکار محسن عباس حیدر کے ساتھ جلوے بکھیرتی دکھائی دیں گی۔
شاعرہ رائے اس وقت متعدد گانے ریلیز کر چکی ہیں جب کہ وہ کئی منصوبوں میں ماڈلنگ بھی کرچکی ہیں۔